اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کی تنظیم آسیان کے وزرائے خارجہ کا اڑتالیسواں اجلاس ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں واقع پترا ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں شروع ہو گیا ہے۔ اس اجلاس کے ساتھ ساتھ آسیان کے خطے کے مستقل نمائندوں اور علاقائی انجمنوں کی کمیٹی کا اجلاس بھی ہو گا جس کا مقصد آسیان کے خطے کے مسائل اور منصوبوں کا جائزہ لینا ہے۔ واضح رہے کہ ملائیشیا، انڈونیشیا، برونائی دارالسلام، لاؤس، کمبوڈیا، سنگاپور، تھائی لینڈ، ویتنام، فلپائن اور میانمار آسیان کے رکن ممالک ہیں۔ آسیان کے وزرائے خارجہ کا اڑتالیسواں اجلاس دس دن تک جاری رہے گا۔ ساؤتھ چائنا سی کے بعض حصوں کی ملکیت کے سلسلے میں چین کے ساتھ اس خطے کے ممالک کے اختلافات کا موضوع بھی اس اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ ملائیشیا کے وزیر خارجہ نے ہفتے کے دن اجلاس میں اس مسئلے پر تاکید کی۔ آسیان کے رکن ممالک اور چین کے نائب وزرائے خارجہ اور ماہرین نے ان اختلافات کو ختم کرنے کے مقصد سے چین میں ایک اجلاس طلب کیا تھا لیکن اب جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کی تنظیم آسیان کے وزرائے خارجہ کے اڑتالیسویں اجلاس میں اس مسئلے کے اٹھائے جانے سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہےکہ یہ اختلافات شدت کے ساتھ برقرار ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲